توہین الیکشن کمیشن ،بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کیخلاف کیس کی سماعت ملتوی


اسلام آباد(صباح نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بانی پاکستان تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن و کمشنر کیس کی سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، فواد چوہدری اور بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری کمیشن میں پیش ہوئے۔دوران سماعت وکیل فیصل چوہدری نے بتایا کہ آپ نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف کیس میں ویڈیو لنک کا آرڈر کیا تھا، فواد چوہدری کا شو کاز کا جواب ہے۔اس پر ممبر کمیشن نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے جیل سے ویڈیو لنک حاضری کا آرڈر کیا، اس کا کوئی اثر ہوا؟ کیوں جیل حکام نے جواب نہیں دیا، ان سے پوچھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ویڈیو لنک کی سہولت نہیں دے سکتے تو جیل سے جوابدہ کو بلا لیتے ہیں۔اس پر فواد چوہدری نے کہا کہ آپ خان صاحب کو بلانے کی دھمکی لگائیں، سب ٹھیک ہو جائے گا، ممبر الیکشن کمیشن نے ریمارکس د یئے کہ اگر کچھ نہیں ہوتا تو پھر ہم جیل سماعت کے لئے چلے جاتے ہیں۔بعد ازاں کمیشن نے کیس کی سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کردی۔