سندھ ہائی کورٹ کا کراچی میں پانچ منزلہ غیر قانونی عمارت کیخلاف کارروائی کا حکم


کراچی (صباح نیوز)سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے علاقہ نارتھ ناظم آباد میں پانچ منزلہ غیر قانو نی عمارت کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ کے رجسٹرار نے سب رجسٹرار کو پورشنز کی سب لیز سے بھی روک دیا ہے۔ عدالت نے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر غیر قانونی پورشن کے خلاف کارروائی کرکے آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ رہائشی علاقہ میں پانچ منزلہ غیر قانونی پورشن تعمیر کیا گیا ہے اوراس حوالہ سے کسی متعلقہ ادارے سے این اوسی نہیں لیا گیا اورنہ ہی کسی قانون کا خیال رکھا گیا لہذا اس عمارت کو غیر قانونی قراردے کر مسمار کیا جائے۔

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد ایس بی سی اے کو کارروائی کے بعد آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔