اسلامی جمعیت طالبات پاکستان کے زیر اہتمام لیڈر شپ کیمپ کا انعقاد


اسلام آباد (صباح نیوز)اسلامی جمعیت طالبات پاکستان، صوبہ شمالی پنجاب کے تحت منتخب کارکنان کے لئے سہ روزہ لیڈرشپ کیمپ کا انعقا د لفلاح انسٹیٹیوٹ  اسلام آباد میں کیا گیا۔  لیڈرشپ کیمپ میں ناظمہ صوبہ شمالی پنجاب، اسلامی جمعیت طالبات پاکستان خنسا عرفان نے شوریٰ کے ہمراہ شرکت کی۔

خنسا عرفان نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ظلمت میں ہمیں چراغ کی مانند بننا ہے جو اپنے ساتھ ساتھ اردگرد کے ماحول کو روشن کرنے کی جدو جہد کرتا ہے۔ اسلامی قیادت کے تقاضوں کو اجاگر کرتے ہوئے شرکا سے کہا گیا کہ ایک لیڈر دور اندیشی، خوئے دلنوازی، صبر و تحمل، قوتِ فیصلہ اور راہ حق میں استقامت جیسی صفات سے متصف ہوتا ہے جو لاکھوں لوگوں میں اسے ممیز کرتی ہیں۔

معروف عالم و مدرس خلیل الرحمن چشتی نے حکمت کے موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حکمت دراصل یہ ہے کہ دین کی دعوت کو دانشمندی، تدریج اور دلسوزی کے ساتھ پیش کیا جائے۔ قیم ضلع اسلام آباد، جماعت اسلامی، زبیر صفدر نے توسیع دعوت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ نیز حسنِ ظن اور حیا کے تقاضوں پر بھی پروگرام ہوا۔