اسلام آباد(صباح نیوز) امریکہ کے قائم مقام انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ فار پولیٹیکل افیئرز جان باس نے وزارت خارجہ میں سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ سے وفود کی سطح پر مذاکرات کیے۔ دفتر خارجہ کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق فریقین نے تجارت، توانائی، سلامتی، صحت، موسمیاتی تبدیلی اور انسداد دہشت گردی سے متعلق موجودہ مذاکراتی میکانزم پر پیش رفت سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووں پر وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کیا۔ سیکرٹری خارجہ نے پاکستان کی جانب سے امریکہ کے ساتھ تعلقات کو دی جانے والی اہمیت کا ذکر کیا۔
انہوں نے دوطرفہ میکانزم بالخصوص اقتصادی اور دفاعی شعبوں کو اپ گریڈ کرنے اور ایک وسیع البنیاد اور بامعنی دوطرفہ تعلقات کی فروغ کے لئے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انڈر سیکرٹری جان باس نے باہمی دلچسپی کے امور پر ٹھوس بات چیت کا موقع فراہم کرنے پر سیکرٹری خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ معیشت کو مستحکم اور مضبوط کرنے کی کوششوں میں پاکستان کے ساتھ شراکت داری کا خواہاں ہے۔ انہوں نے سیلاب اور دہشت گرد حملوں جیسے حالیہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔