وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے پاکستان میں فرانس کے سفیر نوکولاس کیلی کی ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز )وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب سے پاکستان میں فرانس کے سفیر نوکولاس گیلی نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک اور چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور بشمول تجارت، کامرس اور سماجی و اقتصادی شعبوں میں دوطرفہ تعاون اور اشتراک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سینیٹر محمد اورنگزیب نے فرانسیسی سفیر کے ساتھ معاشی صورتحال اور گزشتہ 14 ماہ کے دوران میکرو اکنامک اشاریوں میں نمایاں بہتری کے بارے میں اپ ڈیٹ شیئر کیا۔ انہوں نے کہا کہ خسارے کا انتظام، مستحکم کرنسی، بڑھتی ہوئی ترسیلات زر اور غیر ملکی ذخائر میں مسلسل اضافہ پاکستان کو ادارہ جاتی بہا میں اضافے کے لئے آنے والے مہینوں میں بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹ تک رسائی کے لئے کافی گنجائش فراہم کر سکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ مختلف شعبوں، خاص طور پر ٹیکسیشن، توانائی، نجکاری اور گورننس میں کی گئی وسیع پیمانے پر اصلاحات پر کام جاری ہے اور برآمدات کی قیادت میں ترقی کے لئے معیشت کے ڈی این اے کو تبدیل کرنے اور ایف ڈی آئی کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے تیار ہے۔ سفیر نوکولاس گیلی نے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے اور مختلف اقتصادی شعبے میں حاصل ہونے والے میکرو اکنامک استحکام کو سراہا۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ڈھانچہ جاتی معیارات پر پورا اترنے اور میکرو اکنامک استحکام کو یقینی بنانے کے عزم کو بھی سراہا۔