الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے بعد جے یو آئی کا انٹرا پارٹی انتخابات کیس بھی سماعت کے لیے مقرر کرلیا

اسلام آباد (صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کے بعد جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے انٹرا پارٹی انتخابات کا کیس بھی سماعت کے لیے مقرر کردیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق جمعیت علما اسلام کے انٹرا پارٹی انتخابات کیس کی سماعت 18 ستمبر کو ہوگی، جس کی کاز لسٹ بھی جاری کردی گئی ہے۔الیکشن کمیشن نے جمعیت علما اسلام کو نوٹس جاری کردیا ہے، اب جے یو آئی کو اس حوالے سے اپنا جواب جمع کرانا ہوگا۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کا کیس بھی 18 ستمبر کو مقرر کر رکھا ہے۔ اور اس حوالے سے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور روف حسن کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات سے قبل انٹرا پارٹی الیکشن درست نہ کروانے پر پی ٹی آئی سے بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا تھا، جس کے باعث تحریک انصاف کے امیدواروں نے آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیا