اسلام آباد (صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیر بلدیات بلوچستان سردار سرفراز چاکر ڈومکی کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔
صدر مملکت نے سردار سرفراز ڈومکی کی وفات پر گہرے رنج اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں سردار سرفراز ڈومکی کے ورثا کے ساتھ ہیں، صدر مملکت نے سردارسرفراز ڈومکی کی سیاسی خدمات کو سراہا،صدر مملکت نے مرحوم سرفراز ڈومکی کیلئے دعائے مغفرت ، اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے وزیر بلدیات سردار سرفراز چاکر ڈومکی کے انتقال پر گہرے دکھ اورتعزیت کا اظہار کیاہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم سرفراز ڈومکی کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں،سردار سرفراز ڈومکی کی رحلت سے بلوچستان کی سیاست ایک مدبر اور بہترین سیاست دان سے محروم ہو گئی۔
وزیرِاعظم نے مرحوم سرفراز ڈومکی کیلئے بلندی درجات اور اہلِ خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔