وزیر بلدیات بلوچستان سرفراز ڈومکی انتقال کر گئے


کوئٹہ(صباح نیوز)وزیر بلدیات بلوچستان سرفراز چاکر ڈومکی انتقال کر گئے، وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے اظہار افسوس کیا ہے۔

فیملی ذرائع کے مطابق سردار سرفراز چاکر ڈومکی 10 روز سے کراچی کے نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے، وہ پھیپھڑوں اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔

وزیر بلدیات کے انتقال پر وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی ایک زیرک اور معتبر سیاست دان اور قبائلی شخصیت تھے، مرحوم نے بلوچستان کے سیاسی اور قبائلی نظام میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی موجودہ بلوچستان کابینہ کے متحرک رکن تھے، ان کی رحلت سے گہرا صدمہ پہنچا جبکہ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سرفراز چاکر ڈومکی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لیے سردار سرفراز چاکر ڈومکی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر عطا کرے۔

اس کے علاوہ دیگر سیاسی شخصیات نے بھی سرفراز ڈومکی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے ۔واضح رہے کہ سردار سرفراز ڈومکی کا تعلق پیپلز پارٹی سے تھا جو پی بی 8 سبی سے کامیاب ہوئے تھے۔