الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے 275ویں واٹرفلٹریشن پلانٹ کاافتتاح کردیا۔

اسلام آباد(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے 275ویں واٹرفلٹریشن پلانٹ کاافتتاح کردیا،مرکزی سیکرٹری جنرل سیدوقا ص جعفری نے جوہرآباد کے پسماندہ علاقے میں عوام الناس کوصاف اور معیاری پانی کی فراہمی کیلئے الخدمت واش پروگرام کے منصوبے کاافتتاح کیا،

اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ پاکستان کی 70فیصد آباد ی صاف پانی کی نعمت سے محروم ہے، آلودہ پانی کی وجہ سے بیماریاں بعض اوقات جان لیوا بھی ثابت ہوتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی کوشش ہے کہ پانی سے محروم پسماندہ اور دوردراز علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر صاف پانی کی منصوبوں کی تکمیل کی جائے،اس مشن میں اہل خیرکاہمارے ساتھ تعاون اوراشتراک ہے جس پر ڈونرز کے شکرگزار ہیں۔

الخدمت فاؤنڈیشن ہینڈ پمپس،کنوئیں،الیکٹرک و اٹر پمپس،سولر و اٹر پمپس،گریوٹی فلو واٹر سپلائی اسکیم اور واٹر فلٹریشن پلانٹس سمیت23ہزار سے زائد صاف پانی کے منصوبے مکمل کرچکی ہے،ان منصوبوں سے 62لاکھ39ہزار افراد روزانہ مستفید ہوتے ہیں،ریجنل صدرالخدمت شمالی پنجاب رضوان احمدنے کہاکہ دشوار گزار پہاڑی  اور برفانی علاقوں میں الخدمت کے گریوٹی فلو واٹر سپلائی اسکیم کے منصوبہ جات کے ذریعے پانی کی فراہمی پسماندہ علاقوں کے عوام کیلئے انمول تحفہ ہے۔