اسلام آباد(صباح نیوز) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے سندہ کابینہ کے اجلاس میں صوبہ سندھ کے بچوں کے لیے پیدائشی (برتھ) سرٹیفکیٹ فیس کے خاتمے کی منظوری دینے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیر اعلی سندھ و کابینہ ممبران کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
اس حوالہ سے چیر پرسن سینٹر روبینہ خالد کی ہدایات پر ڈائریکٹر جنرل بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سندھ ذوالفقار علی شیخ کی جانب سے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی، وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب اور دیگر وزرا سے متعدد ملاقاتیں کیں جس میں بی آئی ایس پی کی رجسٹرڈ مستحقین خواتین کو بچوں کے پیدائشی سرٹیفکیٹ اور ب فارم کے اجرا میں حائل مسائل کی نشاندہی کی گئی تھی اور ری سرٹیفیکیشن سروے کی اہمیت پر بھی آگئی دی گئی اور پیدائشی سرٹیفکیٹ کی فیس معاف کرنے کی درخواست کی گئی تھی جو نادرا ب فارم کے اجرا اور حصول میں ایک اہم دستاویز ہے۔
حکومت سندھ کے اس عوام دوست فیصلے سے اب سندھ میں مستحق اور پسماندہ خواتین کو اپنے بچوں کے دوبارہ سرٹیفیکیشن سروے کروانے میں آسانی ہوگی اور ایسے بچے بینظیر تعلیمی وظائف سے بھی استفادہ حاصل کر سکیں گے۔