کوئٹہ(صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر پروفیسرڈاکٹرحفیظ الرحمان نے کہاکہ بیس کروڑروپے کی لاگت سے تیارالخدمت ہسپتال کوئٹہ بلوچستان کے عوام کے علاج کیلئے بہترین قیمتی تحفہ ہے ،عوامی ترقی وخوشحالی کیلئے تعلیم وصحت پر توجہ وقت کی اہم ضرورت ہے،ملک میں دوکروڑباسٹھ لاکھ بلوچستان میں 28لاکھ بجے سکول سے باہر ہیں، سینکڑوں میلوں دور علاج کی سہولیات دستیاب نہیں،الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں تیس ہزار یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے ،56ہسپتال ،350ایمبولینس اور22آغوش سینٹر (یتیم خانے) کچرہ چننے والے بچوں کی تعلیم کیلئے 80سینٹرزقائم کیے گیے ہیں، بلوچستان میں پڑھتابلوچستان کے نام سے دوسوتعلیمی سینٹرزبلوچستان میں قائم کیے ہیں،الخدمت کوئٹہ ہسپتال میں معیاری وسستی علاج کی سہولیات فراہم کریں گے،معیار پر کوئی کمپرومائزنہیں کیاجائیگا،ہسپتال آنے والے مستحق مریضوں کو علاج کے بغیر جانے نہیں دیں گے ۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے بروری روڈ پر قائم الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے کوئٹہ بلوچستان کے عوام کے بہترین معیاری وسستے علاج کے جدید ہسپتال کے افتتاح کے موقع پر میڈیاسے گفتگوبعدازاں افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔افتتاحی تقریب میں امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی ،ایم پی اے بلوچستان عبدالمجید بادینی ،الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی سینئر نائب صدر سابق ایم پی اے پنجاب سید احسان اللہ وقاص ،مرکزی نائب صدرڈاکٹرمشتاق احمدمانگٹ،الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے صدر انجینئر جمیل احمدکرد، جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری زاہدا ختر بلوچ،مولانا عبدالکبیرشاکر،اعجازمحبوب نے بھی خطاب کیا۔
تقریب میں سماجی سیاسی شخصیات ،خواتین نے بڑے تعدادمیں شرکت کی ۔تقریب میں الخدمت کوئٹہ ہسپتال کی تعمیر ودیگر شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے خواتین وحضرات کو شیلڈزدیے گیے ۔ اس موقع پر مرکزی صدرڈاکٹرحفیظ الرحمان نے الخدمت کوئٹہ ہسپتال میں مستحق مریضوں کے علاج کیلئے 30لاکھ روپے دینے کا اعلان کرتے ہوئے مزید کہاکہ کوئٹہ الخدمت ہسپتال میں خواتین اوربچوں کے ہرقسم معیاری وسستاعلاج کا خصوصی اہتمام ہوگا۔ مخیر حضرات الخدمت فاؤنڈیشن کے اس ہسپتال کا ساتھ دیں تاکہ ہسپتال کامیابی سے عوام اورغریبوں کا علاج ممکن ہوجائے اور اس طرح کے ہسپتال ہم بلوچستان کے دیگر بڑے اضلاع میں بھی بنادیں ۔الخدمت ہسپتال کے مالک یہاں کے عوام ہوں گے انشاء اللہ معیاری علاج کی بدولت علاج ومعالجے پر صوبہ بھر کے عوام فخر کریں گے ۔معیاری مثالی سستے علاج کی سہولیات عوام کا حق ہے معمولی علاج کیلئے بیرون صوبہ جانے والوں کیلئے کوئٹہ الخدمت ہسپتال بہت بڑاتحفہ اور بہترین سہولت ہے ۔
اس موقع پردیگر مقررین نے کہاکہ کوئٹہ الخدمت ہسپتال کی کامیابی پر ہم کوئٹہ کے نوصوبائی حلقوں میں ہسپتال بنانے کی کوشش کریں گے ۔الخدمت صرف کوئٹہ میں 5سویتیموں کی کفالت کر رہی ہے کیاکوئی اور سیاسی مذہبی قوم پرست پارٹی یا فلاحی تنظیم اس طرح کی بلاتفریق خدمات کر رہی ہے بلوچستان کے عوام کے پاس علاج وتعلم سمیت روزگار کھیل کی سہولیات نہیں کاروبار وتجارت کے دروازے بھی بند ہیں الخدمت فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہے