جمہوریت اظہارِ رائے کی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کی ضامن ہے۔سردار ایاز صادق

اسلام آباد (صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ جمہوریت اظہارِ رائے کی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کی ضامن ہے،ترقی،خوشحالی کیلئے جمہوری نظام کا استحکام ناگزیر ہے،سیاسی جماعتیں اختلافات کو پس پشت ڈال کر قومی مفاد ،جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہوں،عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں اسپیکر  نے کہا کہ جمہوریت عوام کو اپنی قیادت خود منتخب کرنے کا حق دیتی ہے، جس کے تحت عوام اپنے ووٹ سے اپنے نمائندے منتخب کر کے پارلیمنٹ میں بھیجتے ہیں،یہ منتخب نمائندے عوامی امنگوں کے مطابق حقوق کے تحفظ اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے قانون سازی اور پالیسی سازی کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جمہوریت اظہارِ رائے کی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کی ضامن ہے،جمہوری نظام کے تسلسل کے بغیر ملکی ترقی،خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو اپنے منتخب نمائندوں کے ذریعے سیاسی، سماجی اور اقتصادی نظام میں بھرپور شرکت کا موقع ملتا ہے، جو جمہوری نظام کا اہم حصہ ہے۔اسپیکر نے سیاسی جماعتوں کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملکی مفاد اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوں۔ جمہوریت میں مسائل کا حل ہمیشہ باہمی مشاورت سے نکالا جاتا ہے، اور ہمارا دین بھی مشاورت کو اہمیت دیتا ہے، جو جمہوریت کا بنیادی اصول ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ایک مضبوط اور مستحکم جمہوری نظام ہی ملکی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے، اور ہمیں جمہوری اداروں کو مزید مستحکم کرنے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔