پارلیمینٹ کی بالادستی،تقدس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پارلیمانی کمیٹی

اسلام آباد (صباح نیوز)پارلیمینٹ میں قانون نافزکرنے والے اداروں کی  بعض ارکان کے خلاف مبینہ کاروائی کے معاملے پر  قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس منعقد ہوا۔

تمام جماعتوں نے واضح کردیا کہ متذکرہ کاروائی کا کوئی جوازقبول نہیں کیاجائے گا ، پارلیمینٹ کے تقدس کا معاملہ ہے،زمہ دارن کو جوابدہ بنانا ضروری ہے ۔خصوصی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت سیدخورشید شاہ نے کی ۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ، سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان ، چیئرمین پی ٹی آئی  بیرسٹر گوہر، صاحبزادہ حامد رضا ،محمودخان اچکزئی ، وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، علیم خان،سالک حسین، پیپلزپارٹی کے رہنما سیدنوید قمر،  ڈاکٹرفاروق ستار، امین الحق جے یو آئی سے شاہدہ اختر علی  جب کہ وزیردفاع خواجہ آصف کی جگہ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اجلاس میں شریک ہوئے ۔

ذرائع کے مطابق تمام پارلیمانی سیاسی جماعتوں نے ماضی کی تلخیوں کو فراموش کرنے پر اتفاق کیا۔تمام سیاسی جماعتوں نے بات چیت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا،تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان نے ماحول کو بہتر بنانے کے لئے تجاویز دیں۔ ارکان نے  کہا کہ پارلیمینٹ کی  بالادستی  تقدس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا سب سے پہلے آپس میں سیاسی تلخیوں کو کم کرنے کی ضرورت ہے ۔ آپس میں بات چیت سے مسائل حل کرنے کی تجویزدی گئی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہفتہ کو دوبارہ ہوگا ۔