اسلام آباد (صباح نیوز)پیپلزپارٹی کی خاتون رکن سحر کامران نے زرعی ادویات اور کھادوں کی قیمتوں میں بے جا اضافے کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھا دیا۔ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے سحر کامران نے کہا کہ نئی فصل کاشت کرنے کیلئے کسان کی استطاعت نہیں رہی ،آئے روز کھاد کی قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں ، ان حالات میں کسان اپنے اخراجات کیسے پورے کرے گا ۔
سحر کامران نے مزید کہا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے فصل کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہو جاتا ہے،دیگر اخراجات کے ساتھ بیج کی قیمتیں بھی آئے روز بڑھا دی جاتی ہیں ۔پیپلزپارٹی کی رکن نے کہا کہ حکومت ملک میں سبز انقلاب لانے کیلئے کسانوں کو جدید مشینری فراہم کرے ۔حکومت کھاد اور بیج سمیت ادویات کی قیمتوں کو کم کرے ، گزشتہ سال کے تجربے سے کسان گندم کاشت کرتے ہوئے سوچے گا ، کسانوں کو سہولیات دی جائیں تو پیداور ملکی ضرورت سے وافر پیدا ہو سکتی ہے۔