عورت کو جو عزت و مقام اسلام نے دیا وہ کسی مذہب نے نہیں دیا،ناظمہ صوبہ رخشندہ منیب

کراچی (صباح نیوز)  ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے کہا ہے کہ عورت کو جو عزت و مقام اسلام نے دیا وہ کسی مذہب نے نہیں دیا۔پیارے نبی صل اللہ علیہ وسلم  نے عورتوں کو قرآنی تعلیمات کی روشنی میں ان کا جائز اور باوقار مقام بھی معاشرے میں دلوایا۔ عورتوں سے حسن سلوک کو تہذیب و معاشرت کا حصہ بنایا اور ساتھ ساتھ عورتوں کو ان کی گھریلو اور سماجی ذمہ داریوں کا شعور بھی دیا۔ ان خیالات کا اظہار ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے قرآن انسٹی ٹیوٹ میں محسن نسواں کے عنوان پر منعقدہ سیرت پروگرام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے عورت کو ہر رشتہ میں اہمیت دی۔

اسے ایسے حقوق دیے کہ وہ معاشی و معاشرتی طور پر محفوظ ہو جائے۔ عورت کو ملکیت و وراثت کا حق دیا،ناموس و عزت کا تحفظ ،تعلیم کا حق اور اس کی تعظیم و تکریم کو لازم قرار دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ یونانی فلسفہ کے مطابق عورت تمام آفات کی جڑ، شہوانیت کی تسکین کا ذریعہ اور انتہائی کم درجے کی مخلوق جانا جاتا ہے۔ہندو مت میں عورت کبھی بااختیار نہیں ہوسکتی اور اگر اس کا شوہر مرجائے تو اسے منحوس قرار دے دیا جاتا ہے۔اسی طرح مسیحیت میں راہبانہ تصورات کے مطابق عورت گناہ کا سر چشمہ روحانی ترقی کی راہ میں رکاوٹ اور حقیر و ذلیل ہے۔جب کہ مذہب اسلام نے عورت کو اعلی مقام دے کر سب کی نفی کردی ۔اب ہمیں چاہیے کہ ہم دین اسلام اور اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں اور اپنی جائز حدود کو پہچانیں۔