اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 میں ترامیم کا جائزہ لے کر سفارشات پیش کرے گی ، کمیٹی میں سیکریٹری داخلہ، الیکشن کمیشن، وزارت قانون و انصاف اور اسپیشل سیکریٹری لا الیکشن کمیشن ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کی پریس ریلیز کے مطابق ممبرالیکشن کمیشن نثاراحمد دانی کی زیرصدارت الیکشن کمیشن کے اجلاس میں کمیشن کے اراکین شاہ محمد جتوئی، بابرحسن بھروانہ اورجسٹس ریٹائرڈ اکرام اللہ خان نے شرکت کی، اجلاس میں الیکشن کمیشن کے سیکریٹری، اسپیشل سیکریٹری، اسپیشل سیکریٹری لا، اسپیشل سیکریٹری وزارت داخلہ، چیف کمشنراسلام آباد، ڈپٹی کمشنراسلام آباد اور وزارت قانون وانصاف کے نمائندے نے شرکت کی۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اجلاس کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ انتخابات کا الیکشن پروگرام مورخہ 8 اگست 2024 کو جاری کیا، جس کے مطابق پولنگ 9 اکتوبر 2024 کو ہونا قرار پائی تھی، اسی پروگرام کے تحت کاغذات نامزدگی جمع ہو چکے تھے اور ان کی جانچ پڑتال کاعمل جاری تھا کہ حکومت نے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 میں ترامیم کردیں۔مذکورہ ترامیم کو مد نظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے لوکل گورنمنٹ انتخابات کے عمل کو موخر کردیا تاکہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم، اس کے مضمرات اور اسلام آباد لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد سے متعلق وزارت داخلہ، قانون اور چیف کمشنر اسلام آباد کا موقف لیتے ہوئے انتخابات کے انعقاد کے ضمن میں مناسب فیصلہ کیا جاسکے۔
الیکشن کمیشن نے موجودہ ترامیم کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب رولز اور دیگر قانون سازی سے متعلق بھی حکومت کے مذکورہ بالا نمائندگان کو کہا، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت داخلہ نے موقف اختیار کیا کہ کیونکہ اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں پارلیمنٹ نے ترامیم کردی ہیں، جنہیں گزٹ میں شائع بھی کیا جاچکا ہے، لہذا الیکشن کمیشن ایکٹ میں موجودہ ترامیم کو مدنظر رکھتے ہوئے لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد کا عمل نئے سرے سے شرو ع کیا جائے، اس تجویز کی وزارت قانون کے نمائندہ نے بھی حمایت کی۔
الیکشن کمیشن نے مذکورہ بالا نمائندگان کا موقف سننے کے بعد فوری ایک کمیٹی تشکیل دی، جس میں سیکریٹری داخلہ، الیکشن کمیشن، وزارت قانون و انصاف اور اسپیشل سیکریٹری لا الیکشن کمیشن ہوں گے اور یہ کمیٹی قانون اور ضوابط میں فوری ضروری ترامیم پر غور کے بعد اپنی سفارشات مناسب فورم پر پیش کرے گی تاکہ فوری قانون سازی کو یقینی بنایا جاسکے اور الیکشن کمیشن اسلام آباد کے موخر کیے گئے لوکل گورنمنٹ انتخابات کے بارے میں مناسب فیصلہ کر سکے۔
الیکشن کمیشن نے حکومتی نمائندگان پر واضح کیا کہ اسلام آباد میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کا فوری انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور انتخابات کے انعقاد سے کچھ دن پہلے الیکشن قوانین میں ترامیم سے نہ صرف الیکشن کیانعقاد میں تاخیرہوتی ہے بلکہ الیکشن کمیشن کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوتا ہے اور اسے دوبارہ نئی حلقہ بندی سے کام شروع کرکے الیکشن کے انعقاد کے تمام مراحل دوبارہ مکمل کرنا پڑتے ہیں۔