نیشنل پریس کلب میں سینئر صحافی ممتاز اقبال ملک مرحوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

اسلام آباد (صباح نیوز)نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں فیڈرل یونین آف جرنلسٹس دستور اور  آر آئی یو جے کے زیر اہتمام مرحوم سینئر صحافی ممتاز اقبال ملک کی یاد میں  تعزیتی ریفرنس  منعقد ہوا۔مہمان خصوصی نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ  تھے ،صدارت پی ایف یو جے دستور کے صدر حاجی نواز رضا نے کی ۔تقریب میں  آر آئی یو جے دستور کے صدر رانا کوثر علی، مرحوم ممتاز ملک کے فرزند احمد،برگیڈئیر ریٹائرڈ صولت رضا، عبدالودو قریشی، محسن رضا، خالد عظیم، خاور نواز راجہ،  قیصر عباس شاہ، مرزا عبدالقدوس، منظور سلہریا، عثمان جبار خان، نصیر الہی، سہیل مہدی اور سجاد اظہر کے علاوہ دیگر مہمان شریک ہوئے۔

مرحوم ممتاز ملک کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ میرا اور ممتاز ملک کا تعلق عشروں پر محیط رہا اس دوران میں مرحوم کی صحافت کو قریب سے دیکھا اور صحافتی اسلوب کی فہم حاصل ہوئی، مختلف مواقع پر ان کو مشکل صحافتی الجھنوں کو احسن انداز میں سلجھاتے ہوئے دیکھا۔ حاجی نواز رضا نے کہا کہ  وہ ایک سچے عاشق رسول تھے اور ختم نبوتۖ کے لئے اپنے قلم کو بہت توانا انداز میں بڑے تواتر سے استعمال کرتے تھے،  صحافیوں میں ان کا قریبی تعلق سعود ساحر مرحوم اور مجیب الرحمن شامی رہا، وہ اپنے دور کے مانے ہوئے تحقیقاتی صحافی تھے جن کی کچھ خبروں نے ایوان اقتدار میں ارتعاش بھی برپا کیا۔

برگیڈئیر صولت رضا نے کہا کہ ان کے ساتھ اس زمانے میں تعلق گہرا ہوا جب وہ ماہنامہ ہلال کے مدیر بنے، وہ ملکی سلامتی کے تقاضوں کے عین مطابق خبروں اور مضامین کا انتخاب کرتے تھے۔ انہوں نے ماہنامہ ہلال کا معیار بہتر بنانے میں بہت محنت کی ،وہ بین السطور ہر بات کہنے کا ہنر جانتے تھے۔ رانا کوثر علی نے کہا میری اگرچہ ممتاز ملک سے ملاقات نہیں رہی لیکن ان کی تحاریر نے مجھے ان کا گرویدہ بنایا، اور جس معیار کی صحافت انہوں نے کی آج کے صحافیوں کو اس کا جائزہ لے کر اس سے سیکھنا چاہیے اور اگر وہ ایسا کر لیں تو اس شعبہ میں ان کی کامیابی یقینی ہے۔تقریب کے اختتام پر مرحوم کے لئے  فاتحہ خوانی کی گئی۔