سینیٹ آف پاکستان کا نئے ای فائلنگ سسٹم کے ساتھ ڈیجیٹلائزیشن کی جانب اہم قدم

اسلام آباد(صباح نیوز)سینیٹ آف پاکستان نے ای فائلنگ سسٹم متعارف کراتے ہوئے ایک اہم اقدام اٹھا لیا ہے جسکا مقصد جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے کاغذ کے استعمال پر انحصار کو کم اور روایتی طریقوں کا متبادل طریقہ اختیار کیا جا سکے۔ پائلٹ ٹیسٹنگ مرحلے کے طور پر، ای فائلنگ کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی ٹرانسپورٹ، ایڈمن، پرنٹنگ اور پبلیکیشن برانچز میں شروع کیا گیا ہے تاہم پائلٹ ٹیسٹنگ کے بعد ای فائلنگ سافٹ ویئر سیکرٹریٹ کی دیگر برانچوں میں شروع کیا جائے گا۔

سیکرٹری سینیٹ سید حسنین حیدر نے اس اہم سنگ میل کو عبور کرنے پر آئی ٹی حکام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے سینیٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کو جلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیا ہے۔ اس اقدام سے روزمرہ کے کام کو پیشہ ورانہ انداز میں آگے بڑھانے ، کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور کاغذ پر مبنی روایتی عمل کے ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے کی توقع ہے۔ ای فائلنگ کا کامیاب نفاذ زیادہ جدید اور شفاف قانون سازی کے ماحول کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ای فائلنگ سسٹم کے آغاز کے موقع پر سینیٹ سیکرٹریٹ کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی