اسلام آباد(صباح نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاوس سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کے معاملے پر گریڈ20 کے افسر سارجنٹ ایٹ آرمز محمد اسحق سمیت 5 سیکیورٹی اہلکاروں کو معطل کر دیا۔سارجنٹ ایٹ آرمز محمد اسحق اشرف کی چار ماہ تک ملازمت معطل کی گئی ہے۔
چار ماہ کے لیے معطل ہونے والوں میں سکیورٹی اسسٹنٹ وقاص احمد اور 3 جونیئر اسسٹنٹ سکیورٹی آفیسرز عبیداللہ، وحید صفدر اور محمد ہارون شامل ہیں۔۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کمیٹی قائم کرکے واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاس سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے تمام گرفتار ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے اور کہا تھا کہ پارلیمنٹ ہاؤس سے ہونے والی گرفتاریوں پر ایکشن ہو گا اور اس پر ہر صورت اسٹینڈ لینا پڑے گا، ناصرف سارے گیٹس (دروازوں) کی بلکہ ہر جگہ کی ویڈیوز مانگی ہیں تاکہ جس پر ذمہ داری ڈالنا ہے ہم ڈالیں۔
اسپیکر کا کہنا تھا کہ اپنے آپ کو بدقسمت سمجھتا ہوں کہ 2014 میں ایک جماعت اور ان کے کزن نے پارلیمنٹ پر حملہ کیا تو اس کرسی پر تھا، اس لحاظ سے بدقسمت ہوں وہ پہلا حملہ تھا، دوسرا حملہ مولانا صلاح الدین ایوب کے کمرے پر چھاپہ پڑا، وہ بھی ہماری بدقسمتی تھی۔