بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 76ویں برسی، مزار قائد پر قرآن خوانی


 اسلام آباد(صباح نیوز) بانی پاکستان بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 76ویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔اس سلسلے میں کراچی میں مزار قائد پر قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

مختلف تقاریب میں پاکستان کی آزادی کیلئے قائداعظم کی بے مثال خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش  کیا گیا ۔قائداعظم محمد علی جناح قوم کیلئے آزادی کے حصول کے کچھ عرصہ بعد 1948 میں آج کے روز انتقال کرگئے تھے۔

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف، نائب وزیر اعظم  اسحاق ڈار،  چیرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ، سپیکرقومی اسمبلی  سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تاررڑنے بابائے قوم کی 76ویں برسی کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغاما ت میں کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح ایک دوراندیش رہنما تھے جنہوں نے ہندوستان کے مسلمانوں کو ایک جھنڈے تلے متحد کیا۔

اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو ان کی انتھک جدوجہد اور حق خودارادیت کے لئے غیر متزلزل عزم پرفخر ہے جس نے لاکھوں مسلمانوں کی قسمت سنواری۔انہوں نے کہا ہم برصغیر کے مسلمان ایک علیحدہ وطن کے قیام کے لئے ان کی کوششوں کے انتہائی مقروض ہیں جہاں وہ با عزت طور پر اپنے سیاسی، ثقافتی اور مذہبی حقوق کے ساتھ زندگی گزارسکیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم تاریخ میں ایک ممتاز رہنما کے طور پر جانے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانو ں کے لئے تحریک آزادی کی ولولہ انگیز قیادت کی جس کی بدولت دنیا کی پہلی اسلامی نظریاتی ریاست کا قیام عمل میں آیا۔وزیراعظم نے کہا جمہوریت، سماجی انصاف اور مساوات کے اصولوں کے لئے ان کے غیر متزلزل عزم نے ایک قوم کی بنیاد رکھی جہاں ہر شہری متنوع ثقافتوں کے باوجود ترقی کی منازل طے کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا ہم ان کی میراث کا احترام کرتے ہیں اورایک عظیم قوم کے لئے پرعزم جذبے کے ساتھ دور حاضر کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے قائد کے پاکستان کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی 76 ویں برسی پر وزیر اعلی سندھ مرادعلی شاہ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزار قائد پر حاضری دی جبکہ گورنر سندھ نے کہا کہ قوم سمجھ رہی ہے کون معیشت کو آگے بڑھا رہا ہے اور کون جیل میں بیٹھ کر نفرت کا بیانیہ آگے بڑھا رہا ہے، ایک سیاسی جماعت کے رہنماں کی گفتگو اور رویہ انتہائی نامناسب ہے، بیرونی طاقتوں کے آلہ کار ملک کی ترقی نہیں چاہتے۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بابائے قوم کے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، وزیر اعلی سندھ کے ہمراہ کابینہ کے اراکین نے بھی مزار پر حاضری دی۔وزیر اعلی سندھ اور گورنر سندھ نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے، وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن، وزیر داخلہ ضیا لنجار سمیت دیگر اراکین وزیر اعلی سندھ کے ہمراہ تھے۔

گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ ہمیں قائد اعظم کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت ہے، ہم آج شرمندہ ہیں کیونکہ اس ملک میں 9 مئی جیسے واقعات رونما ہوتے ہیں، قائد اعظم نے اس مقصد کے لیے ملک حاصل نہیں کیا۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کے رہنماں کی گفتگو اور رویہ انتہائی نامناسب ہے، مخصوص سیاسی جماعت کے بیانیے سے پاکستان کی ساکھ متاثر ہوئی، اس ملک میں بیرونی طاقتوں کا بیانیہ فروخت ہورہا ہے، خریدار خرید رہے ہیں، قوم کو نفرت کا بیانیہ بیچنے والوں کو پہچاننا ہوگا۔