اعلی تعلیمی اداروں میں خواتین کی اکثریت ہے ۔ایچ ای سی

اسلام آباد (صباح نیوز) ایچ ای سی اعلی تعلیم کے شعبے میں خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے پر عزم ہے وومن امپاورمنٹ اینڈ مانیٹرنگ پروگرام کے ذریعے خواتین کی قائدانہ صلاحیتوں کو ابھارنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے تمام اعلی تعلیمی اداروں میں خواتین کی اکثریت ہونے کے باوجود بنیادی شعبہ جات میں ان کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے ،اسی حقیقت کا ادراک کرتے ہوئے ایچ ای سی گزشتہ تین سال سے ہائر ایجوکیشن ڈیویلپمنٹ ان پاکستان  کے تحت مختلف پروگرامز کے ذریعے خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔

وومن لیڈر شپ پروگرام کا آغاز ایچ ای سی کی نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کے تحت کیا گیا ہے، جو ایچ ای ڈی پی کا حصہ ہے ،اس کے ذریعے اب تک ملک بھر کے چاروں صوبوں میں 116 خواتین کو لیڈر شپ ٹریننگ فراہم کی جا چکی ہے اس پروگرام کے ذریعے خواتین کے تعلیمی اور غیر تعلیمی عملے کو ہائیر ایجوکیشن میں نظم و نسق،ریکیورمنٹ پالیسیز ،روزمرہ کے کاموں میں توازن ،مختلف اصناف اوردفتری عملے کے ساتھ کمیونیکیشن سکلز ،پبلک پروکیورمنٹ کے قواعد و ضوابط ،مالیاتی نظام اور سٹریٹجک کمیونیکشن کی صلاحیتوں کی فراہمی ممکن بنائی گئی۔اس پروگرام کی کامیابی میں ان سابق طلبا نے بھی حصہ لیا جو آج اپنے کیرئیر میں ترقی کی منازل کو طے کر چکے ہیں، ان ہی میں سے ایک ڈاکٹر عربیلا بھٹو ہیں جو آج سندھ کی نمایاں پرائیویٹ یونیورسٹی شہید اللہ بخش سومرو یونیورسٹی آف آرٹس ،ڈیزائن اور ثقافت جامشورو میں وائس چانسلر کے عہدے پر فائز ہیں ۔

ایچ ای ڈی پی کے اس پروجیکٹ کو مزید موثر بنانے کیلئے ایچ ای سی نے ملک بھر کی یونیورسٹیز سے ان خواتین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو خواتین ملازمین کو با ختیار بنانے کیلئے تعلیمی شعبے میں ان کو تربیت فراہم کریں اور ترقی دینے کیلئے ایک ماڈل تیار کریں تاکہ اس اقدام کو مزید ترقی دی جا سکے ۔خواتین کو با اختیار بنانے اور موثر رہنمائی فراہم کرنے کے اس پروگرام کا نام وومن امپاورمنٹ اینڈ مانیٹرنگ پروگرام تجویز کیا گیا ہے ،جو لیڈر شپ ڈیویلپمنٹ کے فروغ اور روز مرہ کی مصروفیات میں توازن برقرار رکھنے کے بارے میں رہنمائی فراہم کرے گا ۔وومن امپاورمنٹ اینڈ مانیٹرنگ پروگرام کا آغاز جون 2024 میں کیا گیا ،جس کے اب تک 7 اجلاس منعقد ہو چکے ہیں ،حالیہ مشاورتی اجلاس میں اس کے طریقہ کار کو حتمی شکل دی گئی جس کے تحت یہ پروگرام اب آخری مراحل میں ہے ۔..ایچ ای سی نے ماہرین کے ساتھ ایک مشاورتی اجلاس میں وومن امپاورمنٹ اینڈ مانیٹرنگ پروگرام کے مسودے کو حتمی شکل دی