اسلام آباد (صباح نیوز)پارلیمینٹ ہاؤس میں اپوزیشن ارکان کی گرفتاریوں کے معاملے پر اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں قومی اسمبلی میں پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں ،سرکردہ اراکین کا مشترکہ ہنگامی اجلاس۔وفاقی وزرا رانا ثنااللہ ، اعظم نذیر تارڑ ، عبد العلیم خان، سرکردہ رہنما سید خورشید شاہ ، سید نوید قمر،، امجد علی خان، شاہدہ اختر علی، علی محمد خان، صاحبزادہ حامد رضا، طارق فضل چوہدری ، نور عالم خان ، شناندانہ گلزار، خالد حسین مگسی چوہدری سالک حسین، سید امین الحق اور دیگر شریک ہوئے ۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق اراکین قومی اسمبلی کی پارلیمنٹ سے گرفتاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا،تمام رہنماؤں نے گزشتہ رات کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اسپیکر سردار ایاز صادق سے سخت سے سخت ایکشن لینے کی استدعا کردی ۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے معاملے کو تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر حل کرنے کا عزم کیا ہے ۔ تمام جماعتوں کا ایسے معاملات سے نمٹنے کے لیے مکمل ضابطہ کار بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ گزشتہ رات کے واقعہ پر دل انتہائی رنجیدہ ہے، پارلیمنٹ کے تمام ممبران میرے لئے انتہائی قابل احترام ہیں ، پارلیمنٹ کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
اسپیکرنے کہا کہ پارلیمنٹ سے گرفتاریوں کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں، پارلیمنٹ سے گرفتاریوں کے حوالے سے فوری اور مکمل تحقیقات کا حکم جاری کر دیا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی اسپیکر نے آئی جی اسلام اباد کو اپنے دفتر میں طلب کر کے واقعہ سے متعلق معلوم کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے آئی جی اسلام آباد کو گرفتار اراکین کوقانونی طریقہ کار کے مطابق پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا حکم جاری کیا ۔
اسپیکر نے ائی جی اسلام اباد کو تمام گرفتار اراکین سے مہذب برتا ؤ اور بہترین سہولیات فراہم کرنے کی خصوصی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ گزشتہ رات کے واقعہ کی مکمل تحقیقات عمل میں لائی جائیں گی، واقعہ کی مکمل فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے، اسپیکر نے آئی جی اسلام آباد سے واقع کی فوری اور مکمل رپوٹ بھی طلب کر لی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمنٹ کا تقدس اور احترام سب پر لازم ہے