اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے یوم بحریہ کے موقع پر نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا ، یادگار شہداپر حاضری، پھولوں کی چادر چڑھائی ۔وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے یادگار شہداپر حاضری دی، پھول رکھے اور شہداکے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی،اس موقع پر پاک بحریہ کے افسران اور جوان بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان نیوی کے شہدااور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک میں امن کا قیام ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،ملکی معیشت کے استحکام کے لئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ سی پیک ملکی معیشت کے لئے انتہائی اہم ہے، پاک بحریہ سمندری حدود کی حفاظت کے لئے پرعزم ہے،تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں،جنگ ستمبر کے شہداکو قوم سلام پیش کرتی ہے۔