کراچی/ٹنڈوآدم (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے زور دیا ہے کہ حکومت بارش متاثرین کی بھرپور امداد اور فصلوں سے پانی کو نکالنے کے سنجیدہ و کرپشن فری اقدامات کرے۔الخدمت فانڈیشن امانت و دیانت کے ساتھ بلاتفریق انسانیت کی خدمت کررہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈوآدم میں الخدمت فانڈیشن کے تحت حرا پبلک اسکول بارش متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کے موقع پر کیا۔امیر ضلع عبدالغفور انصاری اور الخدمت سندھ کے رہنما کنور راشد مکرم بھی ساتھ موجود تھے۔
محمد حسین محنتی نے کہاکہ برساتوں کی پیشگی اطلاعات کے باوجود سندھ حکومت نے نہروں کی صفائی بندوں کو مضبوط بنانے کے اقدامات نہیں کئے ۔جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر گھروں فصلوں اور املاک کا نقصان ہوا ہے۔ ٹنڈوآدم ، کراچی سمیت پورے سندھ میں سیوریج کا نظام تباہ ہے۔ سندھ حکومت نے صرف کرپشن میں ترقی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ روہڑی کینال میں محکمہ آبپاشی کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے 150 فٹ چوڑا شگاف پڑا جسکے نتیجے میں 15 ہزار ایکٹر زمین زیر آب آگئی اور لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوئے انہوں نے کہا کہ متاثرین کی ہنگامی بنیادوں پر مدد کی جائے تاکہ وہ اپنے گھروں کو لوٹ سکیں