اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ تعلیم اور خواندگی ہمارے ملک کے مستقبل کی ضمانت ہیں،ہم تعلیم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
عالمی یوم خواندگی کے موقع پر وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواندگی ایک بنیادی انسانی اور آئینی حق ہے،تعلیم اور خواندگی ہمارے ملک کے مستقبل کی ضمانت ہیں،خواندگی محض پڑھنے لکھنے کی صلاحیت نہیں ہے۔ یہ بااختیار بنانے، اقتصادی مواقع اور معاشرے میں فعال شرکت کا ایک گیٹ وے ہے، ہم تعلیم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک زیادہ باخبر اور پائیدار قوم کے لئے کوشاں ہیں،تعلیم ہمارے معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہے ،اس مقصد کے لئے ہم نے ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے طلبہ کے اندراج کی مہم شروع کی ہے، سکولوں میں بچوں کو دوپہر کا کھانا شروع کیا ہے،سکول چھوڑنے کی شرح کو کم کرنے اور ہر بچے کو اپنی تعلیم مکمل کرنے کی ترغیب دینے کے لئے وظائف اور دیگر مراعات متعارف کرائی ہیں،اس تیزی سے ابھرتی ہوئی دنیا میں، ٹیکنالوجی کے مطابق خواندگی اور مہارتوں کی ترقی ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ایک جامع منصوبہ پر عمل پیرا ہے جس سے ٹیکنالوجی ہمارے تعلیمی نظام میں ضم ہو جائے گی ، اس بات کا مقصد اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ہمارے نوجوان ڈیجیٹل معیشت میں ترقی کی منازل طے کرنے کے لئے ضروری مہارتوں سے لیس ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے اور سول سوسائٹی کی تنظیمیں حکومت کی ان کوششوں میں برابر کے شراکت دار ہیں ، موثر شراکت داری قائم کر کے، ہم تعلیم کو روزگار اور خود روزگار کے مواقع سے جوڑ سکتے ہیں، جس سے ایک زیادہ مضبوط اور جامع افرادی قوت پیدا ہو سکتی ہے۔آئیے سب کے لئے خواندگی اور تعلیم کو فروغ کے لیے بحیثیت قوم مل کر کام کریں۔اور اپنے بچوں اور اپنے ملک کا روشن مستقبل بنائیں۔