اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان میں کل نئے عدالتی سال کے آغاز پر فل کورٹ ریفرنس کاانعقاد کیا جائے گا۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، اٹارنی جنرل آف پاکستان بیرسٹر منصورعثمان اعوان، پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین ریاضت علی سحر اور سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر بیرسٹر محمد شہزاد شوکت فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کریں گے۔فل کورٹ ریفرنس کاآغاز صبح ساڑھے 9بجے ہو گا۔فل کورٹ ریفرنس کے انعقاد کے بعد کل سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کے لئے تشکیل دیئے گئے بینچز کیسز کی سماعت کاآغاز کردیں گے۔
سپریم کورٹ آف پاکستا ن کے سینئر ترین جج سید منصورعلی شاہ دورہ امریکہ پر ہونے کی وجہ سے فل کورٹ ریفرنس میں شرکت نہیں کریں گے جبکہ کل سے شروع ہونے والے ہفتے میں کیسز کی سماعت نہیں کریں گے اور16ستمبر سے شروع ہونے عدالتی ہفتے میں کیسز کی سماعت کریں گے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں موسم گرما کی تعطیلات کاآغاز 15جولائی سے ہوا تھا جو اتوار 8ستمبر کوختم ہو گئیں۔دوسری جانب کل سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کے لئے 6بینچز تشکیل دے دیئے گئے ہیں۔تشکیل دیئے گئے بینچز میں ایک 4رکنی لارجر بینچ، چار3رکنی اورایک 2رکنی بینچ شامل ہیں۔کل سے شروع ہونے والے ہفتے میں سپریم کورٹ کے کل 19موجودہ ججز میں سے 18آئندہ ہفتے کیسز کی سماعت کریں گے۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس عرفان سعادت خان، جسٹس نعیم اخترافغان اورجسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 4رکنی لارجر بینچ 9ستمبر بروزسوموارسے 13ستمبر بروز جمعہ تک اہم نوعیت کے کیسز کی سماعت کرے گا۔جسٹس منیب اخترکی سربراہی میں جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس سید حسن اظہر رضوی پر مشتمل 3رکنی بینچ 9ستمبر بروز سوموارسے 13ستمبر بروز جمعہ تک مختلف اہم نوعیت کے کیسز کی سماعت کرے گا۔ جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی سربراہی میں جسٹس شاہد وحید اورجسٹس عقیل احمد عباسی پر مشتمل 3رکنی بینچ 9ستمبر سوموارکے روز سے 13ستمبر بروز جمعہ تک مختلف اہم نوعیت کے کیسز کی سماعت کرے گا۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس عائشہ اے ملک پر مشتمل 3رکنی بینچ 9ستمبر بروز سوموار سے 13ستمبر بروزجمعہ تک مختلف کیسز کی سماعت کرے گا۔
جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس ملک شہزاد احمد خان پر مشتمل 3رکنی بینچ 9ستمبر سوموارکے روز سے 13ستمبر بروز جمعہ تک کیسز کی سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ کے ایڈہاک جج جسٹس سردارطارق مسعود کی سربراہی میں ایڈہاک جج مظہر عالم خان میاں خیل پر مشتمل 2رکنی بینچ 9ستمبربروزسوموارسے 13ستمبر بروزجمعہ تک کیسز کی سماعت کرے گا۔