اسلامی تحریکوں کو جماعت اسلامی بنگلہ دیش سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔راشد نسیم

کراچی(صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی بنگلہ دیش نے میوزک، ذاتی نمودونمائش اور دیگر پیلسٹی سٹنٹ اپنانے کی بجائے سید مودودی کی فکر کو مضبوطی سے تھاما، دعوت وتربیت کا کام جاری رکھا اور قربانیوں کی داستان رقم کرتے ہوئے بنگلہ دیش میں تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوئی، اسلامی تحریکوں کو جماعت اسلامی بنگلہ دیش سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔

کراچی میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بنگلہ دیش ایک بہتے دھارے اور پانی کی شکل اختیار کرتے ہوئے اپنا راستہ بنا رہی ہے، آج پورے بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی بنگلہ دیش مرکزی شکل اختیار کرچکی ہے، چینی صدر کے رابطہ کار ہوں، فوج کے نمائندے یا نگران حکومت ہر ایک اسی سے رابطہ کررہا ہے، بھارتی میڈیا اس سے حواس باختہ ہوچکا ہے اور خائف ہے کہ کہیں بنگلہ دیش میں اسلام کا نظام نہ قائم ہوجائے۔ حق اور سچ غالب آئے گا اور باطل مٹ جائے، بنگلہ دیش سمیت پوری انسانیت کو ہی دین فطرت کے اپنانے سے امن سکون خوشحالی نصیب ہوگی۔