بجلی کے خالص منافع کی مد میں خیبرپخونخوا کو 216 ارب روپے کی ادائیگی کی گئی ہے ،مصدق ملک

اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیرآبی وسائل مصدق ملک نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ بجلی کے خالص منافع کی مد میں گزشتہ 10سالوں کے دوران صوبہ خیبرپخونخوا کو 216 ارب روپے کی ادائیگی کی گئی ہے ،بقایاجات صرف 36ارب روپے ہیں جب کہ اسدقیصر نے کہا ہے کہ وفاق نے   خیبرپخونخوا  کو اس مد میں 90ارب روپے کے بقایا جات اداکرنے ہیں۔ وفاقی وزیر  نے اس معاملے پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر کو بات چیت کی دعوت دے دی ہے ۔

قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران متذکرہ معاملہ اٹھایا گیا تھا اور اسدقیصر نے کہا کہ وفاق نے ایک بڑی رقم  بجلی منافع کی مد میں کے پی کے اداکرنی ہے  وفاقی وزیر آبی وسائل ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے 36 ارب ، پنجاب کے 72 ارب اور آزادجموں و کشمیر کے 0.375 ارب روپے کے نیٹ ہائیڈ پاور کے بقایاجات ہیں۔تسلسل کے ساتھ یہ ادائیگیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیٹ ہائیڈل منافع کے تحت گلگت بلتستان کو بھی پانی کے استعمال کے چارجز ادا کئے جاتے ہیں، گزشتہ10 سالوں میں کے پی کو216 ارب روپے، پنجاب کو 73 ارب اور آزاد جموں و کشمیر کو 6 ار ب روپے سے زائد کی ادائیگیاں کی ہیں جس طریقہ سے ہمیں پاو رسیکٹر سے رقوم ملتی ہیں اسی تناسب سے صوبوں کو نیٹ ہائیڈل منافع کی ادائیگیاں کر دی جاتی ہیں ۔

اسدقیصر نے کہا کہ بتایا جائے گزشتہ مالی سال میں خیبرپخونخوا کو کتنی ادائیگی نیٹ ہائیڈل پرافیٹ میں کی گئی   خیبرپخونخوا  جنگ زدہ علاقہ ہے  فاٹا کے ضم ہونے پر قبائلی اضلاع کا بوجھ بھی صوبائی حکومت پر آگیا ہے  سیاسی بنیادوں پر اگر صوبے کو مالیاتی حقوق نہیں دیں گے تو وہاں معاشی مشکلات میں اضافہ ہوگا ۔ قومی اسمبلی کو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملک میں  ذہنی امراض میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوا ہے ۔ ملک میں 8کروڑ سے زائد لوگ نفسیاتی مسائل کا شکار ہیں۔اجلاس میں وزارت صحت پیش کردہ اعداد و شمار  کے مطابق  ملک کے تمام بڑے اسپتالوں میں نفسیاتی علاج کی سہولیات موجود ہیں، 126 میڈیکل کالجوں میں ذہنی امراض اور شعبہ نفسیات کام کر رہے ہیں۔