پاکستانی تجارت کی بہتری میں بیوروکریسی کی نااہلی رکاوٹ ہے،آئی ایم ایف


اسلام آباد (صباح نیوز)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)نے پاکستان میں تجارت اورسرمایہ کاری کی بہتری میں بیوروکریسی کی نااہلی کو بڑی رکاوٹ قراردے دیا۔آئی ایم ایف کو ریگولیشنز کی بہتات کے باعث کرپشن میں اضافہ کا بھی خدشہ ہے۔

ایک نجی ٹی وی کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ نے ریگولیشنز اور کمزور ٹیکس نظام کو ٹیکس ادائیگیوں میں رکاوٹ قراردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سرحد پار تجارت اورپراپرٹی کی رجسٹریشن میں مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے اوراس سے کرپشن کے خطرات میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ ملازمت کے مواقع اورسرمایہ کاری متاثر ہوتی ہے۔

آئی ایم ایف نے ٹیکس ادائیگی کا عمل آسان اور کاروباری ماحول بہتر کرنے کے لئے اقدامات ، قانونی اورریگولیٹری اصلاحات ، کاروباری عمل شروع کرنے کا عمل سہل کرنے اورغیر ضروری ریگولیشنز ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

آئی ایم ایف نے سرحد پار تجارت کے عمل کو بہتر کرنے، کسٹم سے متعلق پراسیسنگ ٹائم اورامپورٹ، ایکسپورٹ دستاویزات کی تیاری میں کم وقت لگانے پرزوردیاہے۔