برمنگھم:تحریک آزادی کشمیر کے عظیم رہنما شہید سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے برطانیہ میں ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں تارکین وطن کشمیریوں اور پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
برمنگھم میں ہونے والی کانفرنس سے تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا کہ سید علی گیلانی کی زندگی نوجوان نسل کے لیے ایک رول ماڈل ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ مودی حکومت اسوقت مقبوضہ جموںوکشمیر میں جو کچھ کر رہی ہے اسکی نشاندہی سید علی گیلانی بہت پہلے کر چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے اس وقت پوری مقبوضہ وادی کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر کے کشمیریوں کے سارے حقو ق سلب کر لیے۔
برمنگھم میں ہونے والی کانفرنس سے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے خطاب کرتے ہوئے سید علی گیلانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید رہنما غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت کا استعارہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی زندگی عزم و لگن کی ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی ساری زندگی اپنے موقف پر چٹان کی طرح ڈٹے رہے اور بھارتی چیرہ دستیاں ان کے عزم کو توڑنے میں ناکام رہیں۔ معروف صحافی محمد افضل بٹ نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ کشمیریوں کی آواز کو عالمی ایوانوں تک پہنچانے کیلئے سفارتی کوششوں میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تارکین وطن کشمیریوں اور پاکستانیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کے اپنے بھائیوں کی ایک موثر آواز بنیں۔کشمیری شاعر عارف خواجہ، قمر عباس، عابد خواجہ، مرزا نذیر، فاروق قادری، ڈاکٹر خرم بشیر، ڈاکٹر بشیر ظاہر، غضنفر علی، حافظ محمد ادریس اور سرفراز مدنی سمیت دیگر شرکا نے شہید گیلانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی میں سید علی گیلانی کی خدمات تاریخ کشمیرمیں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔