حیا اور حجاب اسلامی تہذیب کا بنیادی ستون ہے، حجاب کا تصور ایک پوری تہذیب کی نمائندگی کرتا ہے،رخشندہ منیب

کراچی ( صباح نیوز)  ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے کہاہے کہ حیا اور حجاب اسلامی تہذیب کا بنیادی ستون ہے۔ حجاب کا تصور ایک پوری تہذیب کی نمائندگی کرتا ہے۔ اسلام کے احکام میں حجاب کی مخاطب صرف عورت نہیں معاشرے کا ہر فرد ہے۔ یہ بات ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے چار ستمبر یوم حجاب کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام نے عفت و عصمت کا ایسا نظام دیا ہے جو ایک مہذب معاشرے کی تشکیل کرتا ہے جہاں مرد و عورت ایک دوسرے کے مد مقابل نہیں بلکہ ایک دوسرے کے ہمدرد اور دمساز ہیں۔ اسلام کے دئے ہوئے ضابطے عورت کی حفاظت کی ضمانت ہے۔ چار ستمبر عالمی حجاب مصر کی خاتون مروہ شیر بینی کی عدالت میں حجاب کے تحفظ کی خاطر پیش کی گئی شہادت کی یاد میں منایا جاتا ہے۔رخشندہ منیب نے کہا کہ اس سال بھی جماعت اسلامی حلقہ خواتین تہذیب ہے حجاب کے نام سے 10 روزہ مہم منا رہی ہے جس میں رابطہ عوام کے ذریعہ پسے ہوئے عوام کو اسلام کے نظام عدل و مساوات کے بارے میں بتانا ہے تاکہ ممبر سازی میں بھرپور حصہ لیں۔