کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان گزشتہ روز گارڈن فوارہ چوک کے قریب کنویں میں گر کر جاں بحق ہونے والے بچوں بدر اور طلحہ اور ان کو بچانے کی کوشش کے دوران اپنی جان گنوادینے والے نوجوان پلمبر فیضان کے گھر گئے اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت کی ۔ منعم ظفر خان فیضان کی رہائش گاہ لائنز ایریا گئے اور گارڈن کے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا، اہل خانہ اور علاقہ مکینوں سے افسوسناک واقع کے حوالے سے آگاہی حاصل کی ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ واقع کے فوری بعد ریسیکو 1122کو اطلاع دے دی گئی تھی مگر افسوس کہ ریسیکو کا عملہ تاخیر سے پہنچا اور اس کے پاس ضروری سامان بھی پورا نہیں تھا اگر بروقت کارروائی کی جاتی تو ممکن ہے کہ یہ جانی نقصان نہ ہوتا ، نوجوان فیضان نے اپنی جان پر کھیل کر بچوں کو بچانے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکا ۔
منعم ظفر خان نے اس افسوسناک واقع اور 3قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریسیکو عملے کی مجرمانہ غفلت و لاپرواہی کی مذمت کی اور کہا کہ سندھ حکومت بہت دعوے کرتی ہے لیکن جب بھی کوئی ایساواقع رونما ہوتا ہے اور حکومت و متعلقہ ادارے پر ذمہ داری آتی ہے کہ وہ بروقت کارروائی کرے تو ان کی طرف سے کوتاہی اور غفلت کا مظاہرہ کیا جاتا ہے ۔ کنویں میں بچوں کے گرنے کے واقع میں بھی یہ ہی صورتحال سامنے آئی ، انہوں نے کہا کہ انسانی جان کا کوئی متبادل نہیں لیکن حکومت کی ذمہ داری ہے کہ نوجوان فیضان اور بچوں کے ورثاء کو معاوضہ دے ، منعم ظفر خان نے نوجوان فیضان اور بچوں کے لیے مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے صبر ِ جمیل کی دعا کی ۔ اس موقع پرو دیگر بھی موجود تھے ۔