اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کی پاکستان کی معیشت خاص طور پر ملک کی طویل المعیاد ترقی کے لیے اہم شعبوں میں سٹریٹجک شراکت داری کو سراہاہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کی قیادت سے ملاقات میں کہی ۔ ملاقات میں کمپنی کے پاکستان میں تزویراتی اقدامات،مشترکہ منصوبوں اور مستقبل کی سمتوں کا تفصیل سے جائرہ لیاگیا۔
پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر سعد الرحمان خان، سیکرٹری خزانہ اور فنانس ڈویژن کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے پاکستان میں کمپنی کے موجودہ پورٹ فولیو کا ایک جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی رئیل اسٹیٹ کے شعبہ میں اسلامی مالیاتی طریقہ ہائے کارکے مطابق سرمایہ کاری کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو فنڈ دے رہی ہے اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ سرمایہ کاری کی سرگرمیاں اسلامی اصولوں کے مطابق ہوں۔
بات چیت میں کمپنی کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے ساتھ تعاون کاجائزہ بھی لیاگیا ۔وزیر خزانہ نے پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کی پاکستان کی معیشت خاص طور پر ملک میں طویل المعیاد ترقی کے لیے اہم شعبوں میں سٹریٹجک شراکت داری کی تعریف کی۔وفاقی وزیر نے بالخصوص کمپنی کے اسلامی فنانس کے طریقہ کارکوسراہا اور کہا کہ یہ نقطہ نظر نہ صرف پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ بلکہ اخلاقی اور پائیدار ترقی کے وسیع اہداف سے بھی مطابقت رکھتا ہے۔فریقین نے مشترکہ منصوبوں کی افادیت کو بڑھانے کے لیے مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور دیا