اسلام آباد(صباح نیوز) قومی اسمبلی میں سعودی عرب سے 100 پاکستانی نرسوں کو جعلسازی کے الزام میں ڈی پورٹ کرنے کے بارے متعلقہ وزیرکے نہ ہونے پر تفصیلی جواب نہ آسکا۔وقفہ سوالات میں سوال پیپلزپارٹی کی رکن سحر کامران کی جانب سے پوچھا گیا تھا۔ تحریری جواب کے مطابق متزکرہ معاملے میں تحقیقات کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، اور 6 مئی 2024 کو کمیٹی نے اپنی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کی تھی۔محرک خاتون رکن نے اس معاملے میں ضمنی سوال میں یہ پوچھا تھا کہ رپورٹ پیش کئے ہوئے چار مہینے گزر کے ہیں،
اب تک کیا ایکشن لیا گیا، اور اس واقعہ سے پاکستان کی ساکھ، پاکستانی ورک فورس اور بیرون ملک پاکستانیوں کو جو مجموعی نقصان ہوا ہے، کیا اس کا کوئی تخمینہ لگایا گیا ہے۔ لیکن متعلقہ وزیر موجود نہیں تھے۔ وزیر اطلاعات عطا اللہ تاڑ نے جواب میں پاکستان سے تربیت یافتہ افرادی قوت سعودی عرب بھجوانے کے بارے میں آگاہی دی اور کہا کی اسکلڈ لیبر کے وہاں کی متعلقہ کمپنیوں اور فرم سے رابطہ بھی کروایا جاتا ہے انھوں نے متزکرہ معاملے میں تحقیقاتی رپورٹ محرک سے شیئرکرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔