ہم متحد ہوئے تو ملک کو ترقی یافتہ بنا سکتے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ

کراچی (صباح نیوز)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم متحد ہوئے تو ملک کو ترقی یافتہ بنا سکتے ہیں،تمام مسائل کا حل مذاکرات میں ہے  اور بگڑے ہوئے طبقے کی اصلاح وقت کی ضرورت ہے ۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوںرکھے اور فاتحہ خوانی کی ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ملک کو قائد اعظم محمد علی جناح کے ویژن کے مطابق آگے لے کر جانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دشمن کی کوشش ہوتی ہے کہ ملک کمزور ہو، صدر زرداری اور وزیر اعظم کی لیڈرشپ میں ملک آگے بڑھ رہا ہے، ہم نے بیرونی طاقتوں کی سازشوں سے ملک کو بچانا ہے، ہم متحد ہوئے تو ملک کو ترقی یافتہ بنا سکتے ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مسیحی برادری کو کرسمس کی خوشیوں پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، پاکستان میں اقلیتوں کو تمام برابری کے حقوق حاصل ہیںجبکہ سکیورٹی فورسز اور جمہوریت کے شہدا کو یاد رکھنا چاہیے، شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے ملک مضبوط ہے۔فلسطین کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں ،دنیا فلسطین میں اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لئے کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث لوگوں کو سزائیں ہوئیں اور مقدمات چل رہے ہیں، تمام مسائل کا حل مذاکرات میں ہے  اور بگڑے ہوئے طبقے کی اصلاح وقت کی ضرورت ہے۔