تل ابیب۔ الجزیرہ ٹی وی کے مطابق غزہ میں ایک امریکی سمیت 6 اسرائیلی قیدیوں کی موت پر اسرائیل میں حکومت کے خلاف احتجاجی ہڑتال سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی حکومت پر یرغمالیوں کی رہائی کیلئے حماس سے معاہدے کیلئے عوام کا دبا بڑھنے لگا ہے ۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی ہٹ دھرمی کے باعث تل ابیب میں لیبر یونین کی جانب سے پیر کو عام ہڑتال کی اپیل پر کاروبار زندگی معطل ہو گیا۔
ہڑتال کی حمایت تل ابیب کی ٹیکنالوجی کمپنیوں اور صنعتوں نے بھی کردی۔عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی مینیوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی ہڑتال کی حمایت کی گئی ہے جبکہ اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائیر لاپڈ نے بھی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا تھا۔عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیر خزانہ نے ہڑتال کرنے والوں کو تنخواہیں نہ دینے کی دھمکی دی ہے۔ اسرائیلی وزیر خزانہ کے مطابق ہڑتال کرنے سے حماس کے مفادات کا تحفظ ہوگا۔