الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت” باہمت بچوں” کی سالانہ ہیلتھ اسکریننگ کا آغاز

کراچی(صباح نیوز)الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت رجسٹرڈ باہمت بچوں کی سالانہ ہیلتھ اسکریننگ 2024 کا آغاز کردیا گیا ہے ،جس میں مجموعی طور پر مرحلہ وار 2ہزار 200بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کی جائے گی ۔گزشتہ روز الخدمت فریدہ یعقوب ہسپتال میں ابتدائی طور پر171 بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کی گئی ۔آنکھوں ،دانتوں ،کان ،ناک ،گلے اور جنرل امراض کے ماہر ڈاکٹروں نے بچوں کا معائنہ کیا اور انہیں آنکھوں اور دانتوں کی حفاظت اور اچھی صحت کے حوالے سے مفید مشورے دیے ۔بچوں کوڈاکٹروں کی تجویز کی گئی دوائیں بھی مفت فراہم کی گئیں ۔

اس موقع پر چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی راشد قریشی ،ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام یوسف محی الدین اور امیر جماعت اسلامی ضلع ملیر محمد اسلام نے ہیلتھ اسکریننگ کیمپ کا دورہ کیا ،وہاں بچوں اور ڈاکٹروں سے ملاقاتیں کیں اور ہیلتھ اسکریننگ کے عمل پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔

اس موقع پر راشد قریشی کا کہنا تھا کہ الخدمت آرفن کیئر پروگرام میں 2ہزار 200بچے رجسٹرڈ ہیں اور ان بچوں کی جہاں گھروں میں کفالت کی جاتی ہے، وہیں ان کی صحت کا بھی خیال رکھا جاتا ہے ۔ان بچوں کی سالانہ ہیلتھ اسکریننگ کی جاتی ہے تاکہ ان بچوں کی مائیں ان کی صحت سے متعلق جان سکیں اور اچھی صحت کیلئے ان بچوں کو مفید مشورے بھی دیئے جاتے ہیں ۔

یوسف محی الدین نے کہا کہ باہمت بچے پاکستان کا ر وشن مستقبل ہیں ۔ہمیں ان بچوں کی صحت کی اتنی فکر ہے جتنی اپنے بچوں کی ہوتی ہے ۔امیر جماعت اسلامی ضلع ملیر محمد اسلام نے کہا کہ ہیلتھ اسکریننگ الخدمت کا مستحسن اقدام ہے ،اس کا مطب یہ ہے کہ الخدمت نے ان کی صحت کی بھی ذمہ داری لے رکھی ہے ۔انہوں نے کہا الخدمت یہ بڑا کام سرانجام دے رہی ہے ، معاشرے کے تمام طبقات کو نیک کام میں حصہ لینا چاہیے ،الخدمت کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے ۔