لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ہم یکم ستمبر سے رابطہ عوام مہم کے ذریعے اپنی حق دو تحریک کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر چکے ہیں۔ مہم کے دوران گھر گھر جا کر لوگوں کو جماعت اسلامی میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی اور حکومتی ظلم، بجلی کی قیمتوں میں اضافے، بے جا ٹیکسز اور مہنگائی کے خلاف منظم کیا جائے گا۔ملک میں بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے اور وہ تبدیلی صرف جماعت لاسکتی ہے اس کے لیے کہ ہمارے پاس منظم تنظیم اور مخلص ٹیم موجود ہے جس کا دامن ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہے۔
انہوں نے کہا کہ رابطہ عوام مہم میں نوجوانوں کو سب سے زیادہ ہدف بنایا جائے گا۔ پوری مہم کے دوران کوئی دیہات چھوٹنا نہیں چاہیے۔ ملک میں فارم 7 کے زریعے بدترین حکومت اور گورننس کو قائم کیا گیا ہے ،ان ظالموں سے خیر کی توقع نہیں، عوام کو ان سے اپنا حق چھینا پڑے گا ۔ بغیر بجلی خریدے ہر سال 200ارب روپے آئی پی پیز کو ادا کر دیئے جاتے ہیں جس کی وجہ سے گردشی قرضہ 2655سو ارب سے بھی تجاوز کر چکا ہے ۔ ہر دور میں آئی پی پیز لگی ہیں اور 100 میگاواٹ کے پلانٹ کو کاغذات میں 150 میگاواٹ دکھایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم پرستی کی بنیاد پر لوگوں کو تقسیم کیا جاتا ہے، جماعت اسلامی اس تقسیم کو ختم کرنا چاہتی ہے۔ پٹرول اوربجلی کے بھاری بلوں پر چند روپے کی کمی خیرات ہے، قوم کو حقیقی معنوں میں ریلیف دیا جائے۔ پاکستان کے تمام صوبوں میں بجلی کی لاگت کے حساب سے قیمت کم کرکے ظلم و نا انصافیوں کے مارے عوام کو ریلیف دیا جائے۔ قومی معیشت کو مفاد پرستوں نے تباہ کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو پہلے سے زیادہ شدت کے ساتھ اسلام آباد آئیں گے۔ حکومت نے معاہدے پر ابھی تک کوئی مثبت اقدام نہیں کیا۔ حکومت کو عملاً کام کرنا ہوگا۔ اب قوم ان کی ڈنگ ٹپاو پالیسیوں پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ اس وقت جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی سیاسی پارٹی عوام کے حقوق کے لیے بات نہیں کررہی۔ عوام بنیادی حقوق کے لیے ترس رہے ہیں، ہم ذاتی فائدے کے لیے نہیں بلکہ حق کے غلبے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں