حماس کے سیاسی ونگ کے نمائندے ڈاکٹر ناجی ظہیرکی محمد حسین محنتی سے ملاقات


کراچی (صباح نیوز)  جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ فلسطین کی آزادی صرف فلسطینیوں کا نہیں پوری امت کا مسئلہ ہے۔غزہ میں منظم نسل کشی کو 331دن گذرگئے مگرانسانی حقوق وعالمی ضمیر خاموش تماشائی اورمسلم حکمران بے حسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔قابض وغاصب ریاست کے وزیرکا مسجد اقصیٰ کے احاطے میں یہودی عبادت گاہ بنانے کا بیان قابل مذمت اورمسلمانوں کی دل آزاری کے مترادف ہے۔جماعت اسلامی سمیت ہرمحب وطن پاکستانی اہل فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے کیوںکہ غزہ کے مظلوم مسلمان نہ صرف بیت المقدس وسرزمین انبیاء کی آزادی بلکہ پوری امت مسلمہ کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں ملاقات کرنے والے حماس کے سیاسی ونگ کے نمائندے ڈاکٹر ناجی ظہیرسے بات چیت کے دوران کیا۔اس موقع پرشہیدالقدس اسمائیل ہنیہ کی شہادت پرتعزیت درجات بلندی مرحومین کی مغفرت مجاہدین کی نصرت واستقامت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز،ناظم عمومی مولانامحمد دین منصوری ،سیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا اورشاہنوازقائمخانی سمیت دیگر بھی ساتھ موجود تھے۔حماس کے نمائندے نے جماعت اسلامی کے صوبائی امیرکو فلسطین کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہی سمیت غزہ میں الخدمت کی سرگرمیوں اوربھرپورتعاون پرجماعت اسلامی کا شکریہ اداکیا۔ان کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان حضرت قائداعظم  سے لیکرپوری پاکستانی قوم نے ہر موڑ پراہل فلسطین کی سرپرستی  اورحوصلہ افزائی کی ہے جس کے لیے ہم بے حد مشکور ہیں۔صوبائی امیر نے کہاکہ پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کے دل فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔جنگی جرائم اورانسانیت کی قاتل ریاست اسرائیل کی جانب سے غزہ میں گیارہ ماہ سے جاری ظلم وبربریت سے ابتک چالیس ہزار535لوگ شہید،ہزاروں افراد زخمی ،لاکھوںبے گھر اورغزہ کو مٹی کاڈھیربنادیا گیا ہے۔#