چین سے پاکستان میں صنعتوں کی منتقلی اور نئی فیکٹریوں کا بڑے پیمانے پر قیام خوش آئند ہے، عبدالعلیم خان

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ و نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ چین سے پاکستان میں صنعتوں کی منتقلی اور نئی فیکٹریوں کا بڑے پیمانے پر قیام خوش آئند ہے، چین سمیت دیگر ممالک کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے غیر معمولی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے بڑے کاروباری گروپ ہیگزنگ الیکٹریکل کے چیئرمین لیانگ ژانگ زہو سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وفاقی وزیر سے ہفتہ کو ملاقات کی ۔انہوں نے پاکستان کے اہم شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔ سرمایہ کاری بورڈ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ہیگزنگ گروپ چین کے چیئرمین لیانگ ژانگ زہو نے وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ و نجکاری عبدالعلیم خان سے ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چینی گروپ کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان میں قابل تجدید توانائی “کے شعبے میں سرمایہ کاری اور فیکٹریاں لگانا چاہتے ہیں۔انورٹرز اور بیٹریز کی تیاری کا یہ پاکستان میں پہلا با قاعدہ ادارہ ہو گا۔وفاقی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ چین سمیت دیگر ممالک کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے غیر معمولی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نئی فیکٹریاں لگانے سے ملک میں روزگار کی فراہمی اور برآمدات کی شرح میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چین سے پاکستان میں صنعتوں کی منتقلی اور نئی فیکٹریوں کا بڑے پیمانے پر قیام خوش آئند اقدام ہے۔ملاقات میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے چین کے سرمایہ کاروں کے لئے خیر سگالی کا سفیر بننے کے عزم کا بھی اعادہ کیا اور کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری سے الیکٹریکل کے شعبے میں فیکٹریاں قائم ہونا ملکی ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، چین سے سرمایہ کاری میں ہمارے ادارے بھرپور حصہ لیں گے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ دو طرفہ تعاون اور کاروباری سرگرمیوں سے پاک چین دوستی کے لازوال رشتے کو مزید مضبوط بنائیں گے۔وفاقی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ قومی ترقی کے لئے صنعتی شعبے میں پاور پلانٹس جیسے منصوبے وقت کی اہم ترین ضرورت ہیں۔ ہیگزنگ الیکٹریکل گروپ کے چیئرمین نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ چینی گروپ 90 ممالک میں 7000 کی ورک فورس کے ساتھ خدمات سرانجام دے رہا ہے، ہماری 20 ملکوں میں فیکٹریاں ہیں، پاکستان میں بھی نئے کارخانے لگائیں گے۔لیانگ ژانگ زہو کے علاوہ ہیگزنگ گروپ اور ایشیا گروپ کے سی ای او ژو گونیتگ اور ڈائریکٹر سیلز ماژو ٹینگ نے بھی وفاقی وزیر کو سرمایہ کاری پر بریفنگ دی ۔ ملاقات میں ڈائریکٹر ایچ آر یورپ جنید حسین نے اپنے گروپ کے پاکستان میں مجوزہ منصوبوں اور سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے چینی کاروباری وفد کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اس ضمن میں دیگر متعلقہ وزارتوں کو بھی اعتماد میں لیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ چین سے کئی کاروباری ادارے پاکستان کی بزنس کمیونٹی سے “جوائنٹ وینچر کر رہے ہیں