کراچی ( صباح نیوز) گلشن اقبال ٹاؤن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی سے مطالبہ کیا ہے کہ بارشوں کے بعد فی الفور کراچی کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں پر توجہ دی جائے اور ان کی مرمت کی جائے ۔ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کا قبلہ درست کرنے کی بھی ضرورت ہے ۔ جن سڑکوں کی بھی تعمیر و مرمت کی جاتی ہے واٹر بورڈ کا عملہ ان کی کھدائی کردیتا ہے یا پانی کی لائن پھٹنے سے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتی ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔
صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے ہفتے کو شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کا معائنہ کیا ۔ نیپا چورنگی فلائی اوور کے قریب نکاسی آب میں مصروف گلشن ٹان کے میونسپل کمشنر جاوید کلوڑ اور دیگر عملے سے ملاقات کی ۔
اس موقع پر گلشن ٹاؤن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے یقین دلایا کہ بارشوں کا سلسلہ رکتے ہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر توجہ دی جائے گی ۔ گلشن اقبال ٹاؤن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے بھی ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور منتخب نمائندوں سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ گلشن 13D کی مختلف سڑکوں کو بارش کے باعث شدید نقصان ہوا، جسے فوری طور پر گاڑیوں کے گزرنے کے قابل بنایا جارہا ہے، جسکی بارشوں کے بعد مکمل استرکاری کر دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ پیراڈائیز بیکری اصفہانی روڈ پر جنوری میں کی جانے والی روڈ کارپیٹنگ کو واٹر بورڈ نے مرمتی کام کے دوران نہ صرف روڈ تباہ کیا بلکہ کئی ماہ گزرنے کے باوجود مرمت نہ کروا سکی۔ جس کی وجہ سے یہاں سے گزرنے والے شدید پریشانی کا شکار ہیں ۔ جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندے دوبارہ جلد روڈ کو بحال کریں گے۔ یوسی 6 چیئرمین ناصر اشفاق اور دیگر کارکنان جماعت اسلامی کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ اختیارات کا رونا نہیں روئیں گے ۔ مسائل کے حل کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے ۔