سیکیورٹی فورسز کی وادی تیراہ میں کارروائی، 12 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی (صباح نیوز)سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران فورسز کی کارروائی میں 12خوارج ہلاک ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 20اگست سے اب تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 37 دہشت گرد ہلاک اور 14زخمی ہو چکے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں امن کی بحالی اور خوارج کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رہیں گے اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔واضح رہے کہ ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز کے خیبر پختونخوا میں آپریشن کے ساتھ ساتھ بلوچستان میں بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ علاوہ ازیں صدر مملکت اور وفاقی وزیرداخلہ نے ضلع خیبر وادی تیراہ میں کامیاب انٹیلیجنس آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ صدرمملکت آصف علی زرداری نے  ضلع خیبر وادی تیراہ میں کامیاب انٹیلیجنس آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین  پیش کیا اورسیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

صدر مملکت نے دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے قومی عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔دریں  اثنا وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی وادی تیراہ میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی تحسین کرتے ہوئے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے والے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشتگرد پاک دھرتی پر بوجھ ہیں، اتحاد کی قوت اورقوم کی تائید سے اس فتنے کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کریں گے۔وزیرداخلہ محسن نقوی  کا کہنا تھا کہ قوم دہشتگردی کے ناسور سے نمٹنے کیلیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔