محنت کشوں کے اتحاد کے ذریعے ملک میں انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے،محمد حسین محنتی

کراچی ( صبا ح  نیوز)  جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ محنت کش ایک طاقت اور قوت ہیں،دنیا میں بڑے بڑے انقلاب محنت کشوں اور طلبہ کے زریعے ہی برپا ہوتے ہیں۔سندھ حکومت آئی ایل او سندھ لیبر کوڈ کے ذریعے ٹریڈ یونینز پر پابندی عائد کرنا چاہتی ہے۔محنت کشوں کو اب فیصلہ کن جدوجہد کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،این ایل ایف امیدوں کا محور و مرکز ہے۔یہ بات انہوں نے وی ٹرسٹ گلشن اقبال میں این ایل ایف سندھ کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر این ایل ایف پاکستان کے سینئر نائب صدر سید نظام الدین شاہ،ظفر خان،این ایل ایف سندھ کے صدر شکیل احمد شیخ ،جنرل سیکریٹری محمد عمر شر،کراچی کے صدر خالد خان ،جنرل سیکریٹری محمد قاسم جمال ،حیدراباد ،سکھر ،گھوٹکی کے صدور ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔محمد حسین محنتی کا مزیدکہنا تھاکہ حکمران محنت کشوں کو دیوار سے لگا رہے ہیں اور ان کا ہر شعبے میں استحصال کیا جارہا ہے۔قومی اداروں کی نج کاری سے ملک میں بے روزگاری کو عروج حاصل ہوگا قومی ادارے محنت کشوں نے نہیں بلکہ نااہل اور کرپٹ حکمرانو نے تباہ کئے ہیں۔محنت کشوں کا ان اداروں کی تباہی میں کوئی ہاتھ نہیں ہے۔یوٹیلٹی اسٹور کے گیارہ ہزار ملازمین کو نج کاری کی بھینٹ چڑھا کر بے روزگار کردیا گیا ہے جبکہ حکمران اپنی عیاشیاں اور لوٹ مار ختم کرنے کو تیار نہیں ہیں۔سندھ لیبر کوڈ کے نام پر ٹھیکیداری نظام مسلط کیا جارہا ہے جو کہ ٹریڈ یونینز کے لئے زہر قاتل ہے۔ملک بھر کی ٹریڈ یونینز فیڈریشنز اس ظالمانہ وجابرانہ قانون کو مسترد کرتے ہوئے اس کے خلاف بھرپور احتجاج کریں جماعت اسلامی اس سلسلے میں ان مکمل قانونی اور اخلاقی مدد فراہم کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ سرمایہ دارانہ نظام نے پوری دنیا میں تباہی اور بربادی پھیلائی ہوئی ہے اور اس نظام نے طبقاتی جنگ مسلط کردی ہے جس کی وجہ سے امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہورہا ہے۔انھوں نے کہا کہ اسلام کا عادلانہ نظام ہی پاکستان کو تباہی سے بچا سکتا ہے اور دنیا کو سکون وبین فراہم کرسکتا ہے۔نیشنل لیبر فیڈریشن ایک نظریاتی فیڈریشن ہے اور اس کا ایک درخشاں ماضی ہے آج بھی پاکستان میں این ایل ایف سب سے بڑی مزدور فیڈریشن ہے اس لئے ضرورت ہے کہ ہم زندگی کے ہر دائرے میں اپنی حیثیت کو منوائے اور ظالمانہ جابرانہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے صدر شکیل احمد شیخ نے کہا کہ این ایل ایف سندھ میں بھرپور طریقے سے کام کر رہی ہے۔محکمہ لیبر سندھ محنت کشوں کے مسائل کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیاور یہ محکمہ کرپشن کا گڑھ بنا ہوا ہے۔محکمہ محنت محنت کشوں کے بجائے سرمایہ داروں کو تحفظ فراہم کررہا ہے۔نئی یونین بنانا ناممکن ہوگیا ہے اور پاکٹ یونین قائم کی جارہی ہیں۔ائی ایل او سندھ لیبر کوڈ کے خلاف این ایل ایف روز اول سے متحرک ہے اور ہم کسی بھی قیمت پر اس قانون کو نافذ نہیں ہونے دینگے اور پوری قوت کے ساتھ اس کے خلاف احتجاج بلند کیا جائے گا۔