اسلام آباد (صباح نیوز)پاک-عراق پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کا اجلاس کنوینر سحر کامران کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں عراق کے سفیر حامد عباس نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیا گیا،مختلف شعبوں میں تعاون کے مواقع پر گفتگو کی گئی۔اس موقع پر سحر کامران نے کہا کہ یہ دوستی گروپ پاکستان اور عراق کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور تعاون کے نئے رائیں تلاش کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
عراق کے سفیر نے اس اجلاس کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔اجلاس کے دوران خاص طور پر پٹرولیم کے شعبے میں ممکنہ تعاون، عراقی مارکیٹ میں پاکستانی سرمایہ کاری، اور پاکستانی زائرین کے لیے ویزا اور دیگر سہولیات پر بات چیت ہوئی۔ غیر قانونی تارکین وطن کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے بھی دونوں ممالک نے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔اجلاس کا اختتام دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات اور تجارتی رابطوں کو مزید فروغ دینے اور مستقبل میں تعاون کو بڑھانے کے عزم کے ساتھ ہوا۔