این اے ۔133 ضمنی انتخاب کی شفافیت،غیر جانبداری کوہر صورت یقینی بنایا جائے گا، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب


لاہور(صباح نیوز)ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، نذر عباس نے این اے ،-133 لاہور ضمنی انتخاب کے انعقاد کے حوالے سے انتظامی امور پر ڈپٹی کمشنر لاہور، محمد عمر شیر سے ملاقات کی۔

ڈپٹی کمشنر لاہورنے شفاف انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، غلام اسرار خان نے اس موقع پر کہا کہ ضمنی انتخاب کی شفافیت اور غیر جانبداری کوہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

علاوہ ازیں حلقہ این اے 133لاہور کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر، زاہد سبحانی نے حلقہ میں ترقیاتی کام کروانے پر جوبلی ٹاون واساکو نوٹس جاری کر دیا۔الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق انتخابی حلقے میں ضمنی انتخاب کے انعقاد تک ترقیاتی کاموں پر مکمل پابندی عائد ہے۔ تفصیلات کے مطابق مانیٹرنگ کے دوران یہ معلوم ہوا کہ حلقہ این اے 133کے علاقے جوہر ٹاون اے بلاک  میں ترقیاتی کام  جاری تھے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے جوبلی ٹاون، واسا کو وضاحت کیلئے طلب کر لیا اور ترقیاتی کام فوری طور پر روکنے کے احکامات جاری کئے۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے احکامات پر حلقہ کی حدود سے پینا فلیکس اور اوور سائز بینرز اتارنے کا آپریشن جاری ہے۔حلقے کے بیشتر علاقوں میں مختلف مقامات سے امیدواروں کے پینا فلیکس اتر وا دیے گئے۔