مولانا فضل الرحمان کا28 اگست کو تاجروں کی شٹرہڑتال کی حمایت کا اعلان


اسلام آباد (صباح نیوز)جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے 28 اگست کو تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا گیا۔ اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ  مہنگائی اور ناجائز ٹیکس نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے ،تاجروں کی ملک بھر میں ہونے والی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں ۔مولانا فضل الرحمان آئی نے کہا کہ آئی ایم ایف کے حکم پر بنے بجٹ نے عوام کے منہ سے نوالا چھین لیا ہے ۔جے یو آئی کارکناں پرامن ہڑتال کو کامیاب بنائیں ۔مولانا فضل الرحمان  نے ہدایت کی کہ ملک بھر میں جے یو آئی بزنس فورمز اس ہڑتال میں بھر پور حصہ لیں ۔

دریں اثنا  مولانا فضل الرحمن  نے جامعہ مدنیہ جدید رائیونڈ میں اہم اجلاس میں شرکت کی ۔مولانا  سید محمود میاں کی زیر صدارت مجلس ختم نبوتۖ اور جے یو آئی راہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں 7 ستمبر گولڈن جوبلی ختم نبوتۖ کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔ ترجمان جے یو آئی پنجاب کے مطابق اجلاس میں کانفرنس کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی اور انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔مولانا فضل الرحمن نے کانفرنس کی اہمیت کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ اجلاس میں مولانا اللہ وسایا بھی شریک تھے۔جب کہ مولانا فضل الرحمان  نے  لاہور میں سربراہ ق لیگ چوہدری شجاعت حسین  سے ملاقات بھی کی۔ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین، چودھری وجاہت حسین بھی موجود تھے ۔ مولانا فضل الرحمان نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی ۔