اسلام آباد(صباح نیوز)قومی اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے جمعہ کی صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے آغاز پر ہی اپوزیشن کی جانب سے نکتہ اعتراض پر بات کرنے کے لیے وقت مانگا گیا، ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ ایجنڈے کو نمٹانے کے بعد نکتہ اعتراض کے لیے وقت دیا جائے گا۔بعد ازاں اپوزیشن رکن اورنگزیب کھچی نے ایوان کا کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی کردی، گنتی کرنے پر کورم پورا نہ نکلا جس پر ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفی شاہ نے اجلاس جمعہ کی صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کردیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسلام آباد مقامی حکومت ترمیمی بل 2024 منظور کر لیا گیا تھاجس کے تحت جنرل نشستوں پر 9 امیدوار براہ راست منتخب ہوں گے۔دو روز قبل اسمبلی سیکریٹریٹ نے اجلاس کا 23 نکاتی ایجنڈا جاری کیا تھا ،ایجنڈے کے تحت صدر مملکت کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر بحث جاری رہے گی، مختلف اراکین قومی اسمبلی کے نیشنل بک فاونڈیشن کے بورڈ آف گورنرز میں شمولیت کی تحریک پیش کی جائے گی۔