دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند،درجنوں دیہات زیر آب


سیہون (صباح نیوز)دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو نے لگا ، سیہون کے مقام سے دریائے سندھ میں 3 لاکھ 50 ہزار کیوسک پانی کا سیلابی ریلا کوٹری بیراج سے گزرا۔سیہون اور مانجھند تحصیلوں کے کچے میں سیلاب کے باعث 50 دیہات زیر آب آ گئے   جبکہ متعدد دیہاتوں کا شہروں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، سیہون اور مانجھند تحصیلوں کے کچے میں 25 سکولز بھی سیلابی پانی کی زد میں آگئے ۔

محکمہ آبپاشی نے دریائے سندھ کے پشتوں پر ایمرجنسی نافذ کر کے نگرانی شروع کردی، سیہون اور مانجھند کے کچے میں سیلابی پانی سے سڑکیں ڈوب گئیں۔علاقہ مکینوں نے کہا کہ شہروں کی طرف آمد و رفت میں مشکلات پیش آرہی ہیں، کچے کے سیلابی علاقے میں مکینوں کو سرکاری کشتیاں فراہم کی جائیں۔