جماعت اسلامی کا قیام انبیاء  کی دعوت اور مشن کا تسلسل ہے ، اسماء سفیر


کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کراچی (حلقہ خواتین ) کی ناظمہ اسماء سفیر نے ”یوم تاسیس جماعت اسلامی پاکستان” کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 83 سال قبل جماعت اسلامی کا قیام دراصل انبیاء علیہ السلام کی دعوت و مشن اور جدو جہد کا تسلسل تھا اور یہ جدو جہد آج بھی جاری ہے ۔جماعت اسلامی نے زمانے کے ہر نشیب وفراز میں پاکستانی قوم کی رہنمائی کا فریضہ سر انجام دیا ہے۔

جماعت اسلامی نے پاکستانی سیاست میں کرپشن ، جھوٹ ،بددیانتی کی جگہ سچ ، امانت ودیانت اور خدا خوفی کا چلن عام کیا،گالم گلوچ کے بجائے عزت نفس کے احترام کو جگہ دی،ذاتی سہولت کے بجائے عوام کی خیر خواہی کا درس دیا۔جماعت اسلامی دنیا کے تمام فاسد نظاموں کو جڑ سے اکھاڑنے کا عزم لے کر وجود میں آئی ۔ تاریخ میں کئی فرسودہ نظام زمیں بوس ہوئے جو باقی ہیں ان کا انجام بھی قریب ہے۔جماعت اسلامی انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے نکال کر اللہ رب العالمین کی غلامی میں لانے کے لئے وجود میں آئی تھی اور اس فریضے کو آج بھی سر انجام دے رہی ہے ۔ہم امید کرتے ہیں کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی نڈر اوربے باک قیادت میں یہ سفر کامیابی کی نئی منزلیں طے کرے گا اور پاکستان کو امت مسلمہ کی قیادت کے لئے تیار کرے گا۔#