پاسبان کا ماضی بے داغ اور کارکردگی قابل فخر، موقع پرست اور مفاد پرست حکمرانوں سے عوام کو آزادکرائیں گے: عزیز فاطمہ


کراچی(صباح نیوز)پاسبان کا ماضی اور کارکردگی قابل فخر ہے۔ پاسبان پاکستان کو ایماندار اور با کردار قیادت دینا چاہتی ہے۔ سیاست سے گندی مچھلیوں کے صفایا کا عزم رکھتی ہے کیونکہ صفائی کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ پاسبان کی پر عزم اور مخلص قیادت صورتحال کو یکسر تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ کرپٹ، بدعنوان اور ظلم کے نظام کے خلاف پاسبان کے سربراہ الطاف شکور نے جو آواز بلند کی تھی اس کی گونج ایوانوں تک پہنچی۔قیام کے اولین روز سے پاسبان موقع پرست اور مفاد پرست حکمرانوں کے تسلط سے عوام کو آزادکروانے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔

اس مقصد کے حصول کے لئے پاسبان ویمن ونگ ملک بھر میں منظم اور فعال کی جارہی ہے۔ خواتین کی شمولیت کے بغیر دنیا کے کسی ملک نے معاشی ترقی نہیں کی۔ الطاف شکورکی قیادت میں عنقریب ملک بھرمیں خواتین کے مسائل پر اور عوامی ایشوز پر بھرپور لائحہ عمل ترتیب دیں گے۔ پاسبان خواتین کی بہترین اور مفت تعلیم کے لئے کوشاں ہے۔ پاسبان خواتین کے خلاف ہونے والے مظالم پر قانون کے مطابق عدالتی کارروائی کی سہولیات فراہم کرنے میں پیش پیش ہے۔ مظلوم خواتین بلا خوف جھجھک انصاف کے حصول کے لئے پاسبان سے رابطہ کریں۔پاسبان کا ہر ورکرظلم و ظالم کے خلاف میدان جنگ کا سپاہی ہے۔ کرپٹ سیاستدانوں نے مایوس کیا ہے۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی میدان سیاست میں امید کی نئی کرن ہے جو ہر سطح پر مظلوم کی داد رسی کے لئے کام کر رہی ہے۔ عوام اپنے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے پاسبان کے جھنڈے تلے جمع ہو رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار پی ڈی پی خواتین ونگ کی صدر عزیز فاطمہ، خاتون رہنما نرگس خان، الماس خاتون و دیگر ذمہ داران نے شاہ لطیف ٹاون میں 34ویں یوم تاسیس کے موقعہ پر ہونے والے پروگرام کے شرکا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں کیک کاٹاگیا،   ظلم کے خلاف جدوجہد کرنے کے عزم کا اعادہور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعائیں مانگی گئیں #